نئی دہلی، 28؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سپریم کورٹ نے ڈاؤن سنڈروم میں مبتلا اپنے 26ہفتے کا حمل گرانے کی اجازت مانگنے والی ایک خاتون کی درخواست آج یہ کہتے ہوئے نامنظور کر دی کہ ہمارے ہاتھوں میں ایک زندگی ہے۔سپریم کورٹ نے کہا کہ 37سالہ خاتون کی صحت کی جانچ کے لیے تشکیل کردہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق حمل جاری رکھنے میں ماں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔عدالت عظمی کے جج ایس اے بوبڈے اور جج ایل ناگیشور راؤ کی بنچ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’ہر کوئی جانتا ہے کہ ڈاؤن سنڈروم میں مبتلا بچہ بلا شبہ کم ذہین ہوتا ہے، لیکن وہ ٹھیک ہوتا ہے ۔بنچ نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق جنین میں ذہنی اور جسمانی چیلنجز ہو سکتے ہیں ، لیکن ڈاکٹروں کا مشورہ اسقاط حمل کی حمایت نہیں کرتا۔بنچ نے کہاکہ اس رپورٹ کے ساتھ ہمیں نہیں لگتا کہ ہم حمل کو گرانے کی اجازت دینے والے ہیں، ایک زندگی ہمارے ہاتھ میں ہیں۔عدالت نے کہاکہ ان حالات میں حالیہ مشورہ کے مطابق حمل کوساقط کرنے کی اجازت دینا ممکن نہیں ہے۔غور طلب ہے کہ ڈاؤن سنڈروم ایک ایسا جینیاتی مرض ہے جو دماغی اور جسمانی صلاحیت کو متاثر کرتا ہے۔